ٹھٹھہ : گٹکا اور منشیات فروشوں سمیت 15ملزمان گرفتار

99

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو کی ہدایت کی روشنی میں ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر پولیس کا منشیات، جرائم پیشہ عناصر، عادی مجرمان، گٹکا، مین پڑی، روپوش و اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ کے احکامات پر گھارو، دھابیجی، ٹھٹھہ، مکلی، ساکرو، کینجھر پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرکے 9 گٹکا فروش ملزمان علی اکبر میمن، سرفراز جاکھرو، غلام سرور بلوچ، نانو چانڈیو، شفیع چاندیڈ، علی رضا سولنگی، شاہد لاشاری، رمضان ملاح، یشپال بڑو کو 1505 پیکٹ گٹکا ماوا، 20 کلو گٹکا میٹریل، 6 منشیات فروش ملزمان قیوم میر بحر، فیاض خاصخیلی، جمیل خاصخیلی، سلیم ملاح کو 19850 گرام چرس اور آصف ملاح، جمیل خاصخیلی کو 50 بیگز دیسی شراب سمیت گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں پر گٹکا ایکٹ، منشیات آرڈیننس اور نارکوٹکس ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر دیے۔ مزید کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ دھابیجی بمعہ اسٹاف نے نئی آبادی دھابیجی میں شاہد پٹھان کی گٹکا فیکٹری پر چھاپا مارکر 960 کلو گٹکا میٹریل، 24 پلاسٹک کین کیمیکل، 2 پیکنگ مشین، 2 رول پیکنگ پنی، 2 پلاسٹک ٹب اور 350 پیکٹ گٹکا برآمد کرکے ملزمان کے خلاف تھانہ دھابیجی پر گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر دیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں، پولیس کی بہترین اور کامیاب کارروائیوں پر ضلع کے عوام نے ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو، ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان، ایس ایچ اوز عطر چنا ٹھٹھہ، لانھو خان مکلی، گھارو، دھابیجی، ساکرو، کینجھر اور پوری پولیس پارٹی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔