سکھر: سول اسپتال کی مشینوں نے مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں

99

سکھر (نمائندہ جسارت) سول اسپتال کی غیر فعال ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینوں نے مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں، عوامی حلقوں کی شکایات کے مطابق سول اسپتال میں شدید بحران نے جنم لیا ہے، جہاں ایک جانب بڑی تعداد میں مریض مہلک بیماریوں سے لڑ رہے ہیں، اسپتال کی واحد میگنیٹک ریزوننس امیجنگ (MRI) اور کمپیوٹیڈ ٹوموگرافی (CT) اسکین مشینوں کی غیر فعال حالت کی وجہ سے اہم تشخیصی ٹیسٹوں تک رسائی سے محروم ہیں، یہ مشینیں معمولی مرمت کی ضرورت کے باوجود 6 ماہ سے زائد عرصے سے بے کار پڑی ہیں، انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ نے مسئلے کو حل کرنے میں حیران کن عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، نتیجے کے طور پر بہت سے لوگ مقامی مارکیٹ میں نجی سہولیات سے اپنے خرچ پر ایم آر آئی اسکین کرانے پر مجبور ہیں، جبکہ دوسروں کو دیگر صحت کلینک کی سہولیات میں بھیجا جا رہا ہے جس کی وجہ سے تشخیص اور علاج میں غیر ضروری مشکلات اور تاخیر ہو رہی ہے، معلوم ہوا ہے کہ ایم آر آئی مشین، تقریباً 55 ملین روپے کی لاگت سے خریدی گئی ہے، جو علاقے میں سرکاری شعبے میں واحد دستیاب مشین ہے،جو ایسے غریب مریضوں کے لیے اہمیت کی حامل ہے جو نجی طور پر صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات کے متحمل نہیں ہوسکتے۔