پاکستان اور ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ

167

کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان اورجنوبی ووسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ہواہے، مالی سال کے پہلے دوماہ میں جنوبی اوروسط ایشیائی ممالک کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر45.46فیصد اوران ممالک سے درآمدات میں 35.44فیصدکانمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں جنوبی اوروسط ایشیائی ممالک کو برآمدات سے ملک کو382.12ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 45.46فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جنوبی اوروسط ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کاحجم 262.68ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیاتھا۔اگست میں جنوبی ایشیائی اوروسطی وایشیائی ریاستوں کوملکی برآمدات کاحجم 174.84ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں 207.28ملین ڈالراورگزشتہ سال اگست میں 124.66ملین ڈالرتھا، مالی سال 2024میں جنوبی اوروسط ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کاحجم 1.913 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں افغانستان کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 146.65ملین ڈالر، بنگلہ دیش 122.004ملین ڈالر اورسری لنکا کو 69.88ملین ڈالرکی برآمدات ہوئیں۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں جنوبی اوروسط ایشیائی ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر35.44فیصدکی نموہوئی ہے،مالی سال کے پہلے دوماہ میں جنوبی ایشیائی اوروسطی وایشیائی ریاستوں سے درآمدات پر83.55ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 61.69ملین ڈالرتھا، اگست میں جنوبی اوروسط ایشیائی ممالک سے درآمدات پر41.75ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہوا جوجولائی میں 41.80ملین ڈالراورگزشتہ سال اگست میں 30.11ملین ڈالرتھا، مالی سال 2024میں جنوبی اوروسط ایشیائی ممالک سے درآمدات کاحجم 382.38ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔