کواڈ اجلاس میں چین سے متعلق جوبائیڈن کے تبصرے پر تنازع

144

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن کی کواڈ سربراہان کے اجلاس کے دوران بند کمرے میں ہونے والی گفتگو سامنے آ گئی ،جس میں چین سے متعلق تبصرے نے تنازع کھڑا کردیا۔ امریکی صدر نے آسٹریلیا، بھارت اور جاپان کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمارا امتحان لے رہا ہے۔ جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ چینی صدر شی جن پنگ داخلی معاشی چیلنجوں کے ساتھ کچھ سفارتی ذرائع کا استعمال کررہے ہیں تاکہ چین کے مفادات کو جارحانہ طور پر آگے بڑھا سکیں۔خبررساں اداروں کے مطابق جو بائیڈن کے اس کھلے تبصرے کی غلطی نے اجلاس کے دوران چاروں ممالک کی محتاط سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانے کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ اجلاس کے بعد چاروں سربراہوں کے مشترکہ اعلامیے میں چین کا براہ راست ذکر نہ کرتے ہوئے اپنی سرحدوں پر کشیدگی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیاگیاتھا۔ کواڈ سربراہان کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ وہ مشرقی اور جنوبی چین کی صورتحال پر سنجیدہ تشویش رکھتے ہیں۔تاہم جوبائیڈن کا تبصرہ سربراہ اجلاس کے اعلامیے کو کمزور کرنے کا باعث بن سکتا ہے اور چین کے ساتھ کشیدگی کی راہ کو مزید ہموار کرسکتا ہے۔