یوم الوطنی:سعودی سفارتخانے کے عشائیے میں صدر مملکت سمیت اہم شخصیات کی شرکت

55
bilateral cooperation

اسلام آباد:سعودی عرب کے یوم الوطنی کے موقع پر سعودی سفارت خانے کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں صدر مملکت سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے قومی دن یوم الوطنی پر عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب میرم نواز سمیت پنجاب، سندھ اورکے پی کے گورنرز شریک ہوئے۔

عشائیے کا اہتمام سعودی سفارت خانے کی جانب سے کیا گیاتھا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صدر آصف علی زرداری تھے، جنہوں نے ملاقات کے دوران مریم نواز کے سر پر شفقت سے ہاتھ رکھا۔ عشائیے میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی شریک تھے۔

عشائیے میں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجاے گئے اور  سعودی عرب کے 94 ویں یوم الوطنی پر خصوصی دستاویزی وڈیو دکھائی گئی۔

 عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔آج کا دن سعودی عرب ہی نہیں پاکستان کے لیے بھی اہم ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین تعلقات ہیں دونوں ممالک میں عوامی سطح پر رابطہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب تاریخ میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوے ہیں۔ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر قیادت سعودی عرب ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

سعودی سفیر نواف سعید بن المالکی نے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے سیاسی عسکری و سماجی تعلقات ہیں۔ دونوں کے تعلقات باہمی محبت و اتحاد پر مبنی ہیں۔پاک سعودی بھائی بھائی ہیں ۔

 عشائیے میں وزیراعظم شہباز شریف کا وڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا۔