لاہور:پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم میں کئی طلبہ زخمی ہو گئے جب کہ درجنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے طلبہ تنظیموں کے مابین ہنگامہ آرائی کے بعد 50 طلبہ کو گرفتار کرلیا۔ قبل ازیں محفل میلاد کے دوران 2 طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کی اطلاع ملی۔ اس دوران متصادم طلبہ نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا، جس میں کئی طلبہ زخمی ہو گئے جب کہ یونیورسٹی کی املاک کو نقصان پہنچا۔
طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور یونیورسٹی کے گیٹ بند کرواکر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی۔
پولیس حکام کے مطابق ہنگامہ آرائی کے الزام میں 50 طلبا کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے بعد جھگڑے میں ملوث طلبہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔