1951 میں اغوا ہونے والا بچہ 7 دہائیوں بعد اپنی فیملی سے دوبارہ مل گیا

113

امریکا میں 73 سال قبل اغوا کیا جانے والا بچہ بالآخر اپنی فیملی سے آ ملا۔ لوئی آرمانڈو البینو 21 فروری 1951 کو اپنے بڑے بھائی کے ساتھ ویسٹ اوکلینڈ کے ایک پارک میں کھیل رہا تھا کہ ایک عورت قلفی دلانے کے بہانے اُسے اغوا کرکے لے گئی۔ الیبنو پورٹیکو ریکو میں پیدا ہوا تھا اور ہسپانوی بولتا تھا۔ عورت اُسے ہسپانوی زبان ہی میں قلفی دلانے کا لارا لپا دے کر لے گئی تھی۔

لوئی آرمانڈو البینو کی بھتیجی نے ایک دن یونہی شغل کے طور پر ڈی این اے ٹیسٹ کی آن لائن سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ یہ 2020 کی بات ہے۔ اس ٹیسٹ کی رُو سے ڈی این اے ایک شخص کے ڈی این اے سے 22 فیصد کی حد تک مل گیا۔

لوئی آرمانڈو البینو اب ایک ریٹائرڈ فائر فائٹر اور ریٹائر میرین کور اہلکار ہے۔ ڈی این اے ٹیسٹ میں مماثلت ثابت ہونے پر پرانی تصویروں اور اخباری تراشوں کی مدد سے البینو اپنے خاندان سے مل سکا۔

دی بے ایریا نیوز گروپ نے بتایا کہ البینو کی بھتیجی اوکلینڈ میں رہتی ہے۔ اس نے پولیس، ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کی مدد سے اپنے چچا کا سراغ لگایا جو مشرقی ساحل پر رہتے ہیں۔

البینو کے کئی بیٹے اور پوتے پوتیاں ہیں۔ اُس کی بھتیجی الیڈا ایلیکوئن کی عمر 63 سال ہے۔ اس نے اپنے چچا کو اُن کی فیملی سے جون میں کیلیفورنیا میں ملوایا۔