لاہور میں نجی پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ، مسافروں کوسلائیڈز کے ذریعے نکالا گیا

298
Emergency landing of private flight

لاہور: کراچی سے لاہور پہنچنے والی نجی ایئرلائن نے ایمرجنسی لینڈنگ کی، جہاز کے تمام دروازے کھول کر مسافروں کو سلائیڈز کے ذریعے نکالا گیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق نجی فلائی جناح کی پرواز ایف ایل 846 میں 171 مسافر سوار تھے، دھواں اٹھنے کے حوالے سے ٹیکنیکل ٹیم جہاز کا معائنہ کررہی ہے، جہاز کی لینڈنگ سے قبل فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کو بھی طلب کرلیا گیا تھا۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی لینڈنگ سے قبل جہاز کی کارگو سائیڈ سے دھواں اٹھتے دیکھا گیا تھا، مسافروں کو جہاز کے اندر سے کوئی سامان بھی اٹھانے نہیں دیا گیا۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ جہاز کی لیڈنگ سے کچھ دیر قبل جہاز کا عملہ بھی دباؤ میں دکھائی دیا، عملہ جہاز کی لینڈ نگ سے ایئر پریشر بھی چیک کرتا رہا، ایمرجنسی لیڈنگ سے قبل سیٹ نمبر 3 کے قریب اندر اور باہر سے دھواں اٹھتا محسوس ہوا۔

ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ جہاز کا کپتان غیر ملکی تھا جس نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

دوسری جانب ترجمان پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ کپتان نے لاہور کے قریب سات بجکر پندرہ منٹ پر کارگو کمپارٹمنٹ میں دھواں کا بتا کر مے ڈے کال دی جبکہ فلائی جناح کی پرواز ایف ایل 846 سات بجکر تئیس منٹ پر بحفاظت لاہور ایئرپورٹ اتر گئی۔

ترجمان نے کہا کہ فائر ڈیپارٹمنٹ نے معائنہ کے بعد سات بجکر ستاون منٹ پر جہاز کو کلیئر قرار دیا، اعلیٰ حکام نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔