باکسنگ فیڈریشن پر پابندی عائد ہونے کا خدشہ

44

 

کراچی ( سید وزیر علی قادری )پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود اور سیکریٹری جنرل ناصر اعجاز تنگ کو فرائض احسن انداز میں انجام دینے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر تاحیات پابندی کی سفارش کی ہے ۔ بورڈ آف گورنرز نے کہا دونوں عہدیدار باکسر زوہیب رشید کی اٹلی میں سلپ ہونے کے واقعہ میں ذمے دار ہیں ۔ باکسر زوہیب رشید کے بیرون ملک غائب ہونے سے پاکستان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی۔ بورڈ آف گورنرز نے کہا کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن باکسر زوہیب رشید پر مستقبل میں کسی بھی طرح کے ایونٹس میں شرکت پر پابندی عائد کرے ۔ پی ایس بی کے قریبی ذرائع کے مطابق باکسنگ فیڈریشن کو بھی معطل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ان پر فرد جرم عائد کرنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں روپے ہرجانے کی ادائیگی پر بھی زور دیا گیاہے۔ واضح رہے کہ خالد محمود پر اس سے پہلے بھی نازیبا حرکات اور انسانی اسمگلنگ کے ساتھ ساتھ بحیثیت سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کروڑوں روپوں کے غبن کا بھی مقدمہ قائم کرنے کی سفارش کی جاچکی ہے۔ تاہم جسارت نے متعلقہ فیڈریشن اور پی ایس بی کے اعلی عہدیداران سے وضاحت اور ردعمل کے لئے رابطہ کیا تو اتوار تعطیل کی وجہ سے کوئی فرد دستیاب نہیں ہوسکا۔ ارباب اختیار اور قارئین کی معلومات کے لئے صفحہ اسپورٹس پر آئندہ چند روز میں مزید تفصیلات شائع کی جائیں گی۔