تخیل ادبی فورم: پروفیسرگوہررفیق کی صدارت میں عالمی مشاعرے کا انعقاد

285
مہمانوں اور شعراء کا گروپ فوٹو

معروف ادبی شخصیت پروفیسرگوہررفیق کی صدارت میں سعودی عرب کی معروف ادبی تنظیم تخیل کے زیرِاہتمام ریاض میں عالمی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پاکستان سمیت بحرین، کویت اور سعودی عرب کے شعراء نے اپنا اپنا کلام سنا کر سامعین کے دل جیت لئے۔ مشاعرے میں ادب سے لگاؤ رکھنے والے مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسرعظمت اللہ بھٹہ کی تلاوتِ قرآن پاک سے کاروائی کا آغاز ہوا۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی پاکستان سے آئے ہوئے عالمی شہرت یافتہ شاعرعمیر نجمی اورعمار اقبال نے تخیل کی دیارِ غیر میں ادب کی ترویج کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشاعرے ہماری زبان اور ثقافت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں ۔ مشاعرے کیلئے اچھی شاعری اور باذوق سامع کا ہونا ضروری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تخیل کے سرپرستِ اعلی منصور محبوب نے کہا کہ معاشرے میں تعمیری سرگرمیوں کے فروغ اور مثبت اقدار کی ترویج کے لیے ادب کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ مشاعرے میں صابر امانی، شاہد ریاض، پیر اسد کمال، عماد بخاری، شاہد خیالوی، ساجدہ چوہدری، فیصل اکرم گیلانی، منظر ہمدانی، اقبال طارق، یاسر یونس۔ ذیشان ناشر، ایوب کموکا، راجہ جمیل کیانی ، عاطف ذوالفقار جہلمی ، ملک عمر ، کامران ملک اور دیگر نے بھی اپنے اپنے کلام سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ تقریب کے آخر میں مہمانانِ خصوصی عمیر نجمی اور عمار اقبال کو تخیل ادبی ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ عماد بخاری، ایوب کموکا، ریاض شاہد، اقبال طارق، زاہد لطیف سندھو اور میاں ساجد مشتاق کو ان کی ادبی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈیں بھی دی گئی۔ قبل ازیں تخیل کے سیکریٹری جنرل راشد محمود نے نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے تمام معززمہمانوں کا خیرمقدم کیا۔