ایران کا 12 اسرائیلی ایجنٹس کی گرفتاری کا دعویٰ

169

ایران نے ملک کے چھ صوبوں میں ایک بڑے آپریشن کے دوران 12 اسرائیلی ایجنٹوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب نے سکیورٹی آپریشن کے ذریعے ایک نیٹ ورک کو نشانہ بنایا جو ملک میں سکیورٹی مسائل پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ یہ ایجنٹ مبینہ طور پر اسرائیل کی حمایت یافتہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ایران نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل اور اس کے مغربی و یورپی حامی خاص طور پر امریکہ، غزہ اور لبنان میں ناکامی کے بعد ایران میں بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے ایجنڈے کا مقصد ایرانی سکیورٹی کو نقصان پہنچانا اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

پاسداران انقلاب کا دعویٰ ہے کہ اس نیٹ ورک کا پتہ انٹیلیجنس معلومات اور جہادی اقدامات کے ذریعے لگایا گیا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ختم کر دیا گیا۔

سپاہ پاسداران کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان ایجنٹوں کا منصوبہ تھا کہ وہ ایرانی سرزمین پر سکیورٹی خطرات بڑھائیں اور داخلی سطح پر انتشار پھیلائیں۔ یہ گروپ اسرائیل کے لیے جاسوسی کر رہا تھا اور ملک میں تخریب کاری کے منصوبے پر کام کر رہا تھا۔ تاہم، ایرانی فورسز کی چوکسی اور انٹیلیجنس برتری نے ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

ایران نے ماضی میں بھی اسرائیل پر اپنے جوہری مراکز پر حملے اور ایرانی سائنسدانوں کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ دسمبر 2022 میں بھی ایران نے اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے کے جرم میں چار افراد کو پھانسی دی تھی اور حالیہ واقعے میں ایک اور فرد کو موساد کے ساتھ ملی بھگت کے الزام میں سزائے موت دی گئی۔