حکومت ٹیکس دہندگان کو جرمانے نہیں سہولیات فراہم کرے ، صدر پاکستان ٹیکس بار

211

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے 30 ستمبر تک ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی کے نوٹس پر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر نے شدید تنقید کی ہے۔

صدر ٹیکس بار کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی موبائل سمز، بجلی اور گیس کے کنکشن منقطع کر دیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت تاجر دوست اسکیموں پر عمل درآمد میں ناکام رہی ہے اور کارروائیاں ان افراد کے خلاف ہونی چاہئیں جو حکومتی رٹ کو چیلنج کرتے ہیں، نہ کہ ان پر جو قوانین کی پاسداری کرتے ہیں۔

صدر ٹیکس بار کا مزید کہنا تھا کہ فائلرز کے ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرے بجائے اس کے کہ ان پر جرمانے عائد کیے جائیں۔

واضح رہے کہ ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر کے ترجمان نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے اور اس میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ایسے اقدامات متعارف کروا رہی ہے جو نان فائلرز کو جائیداد خریدنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔