پاکستان ریونیو آٹومیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری

97

اسلام آباد (اے پی پی)کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی کاروباری ادار ے(سی سی او ایس او ایز)نے پاکستان ریونیو آٹومیشن پرائیویٹ لمیٹڈ (پی آر اے ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دی ہے ۔وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ہفتہ کو فنانس ڈویژن میں کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی کاروباری ادارہ جات کے ورچوئل اجلاس کی صدارت کی۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)راشد محمود لنگڑیال ،چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)عاکف سعید سمیت وفاقی سیکرٹریز ،متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں ریونیو ڈویژن کی جانب سے پاکستان ریونیو آٹومیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کے حوالے سے ایک تجویز پر غور کیا گیا جو ریاستی ملکیتی انٹرپرائزز ایکٹ 2023 کے تحت انٹرپرائزز (گورننس اینڈ آپریشنز) ایکٹ، 2023 کے سیکشن 10 کے سیکشن (1) کے مطابق بیان کردہ شرائط کے مطابق بورڈ کے لیے 5آزاد اکثریتی ڈائریکٹرز اور 4سابقہ ارکان کے ناموں پر غور کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آزاد ڈائریکٹرز کے عہدوں کے لیے سفارش کردہ پانچوں ممبران پرائیویٹ سیکٹر سے ہیں اور اعلیٰ انتظامی عہدوں پر وسیع متعلقہ تجربہ رکھنے کے علاوہ قانون، اکاؤنٹنسی اور مینجمنٹ میں اعلیٰ پیشہ ورانہ اہلیت، مہارت اور تعلیمی پس منظر رکھتے ہیں۔ اجلاس میں سمری کا جائزہ لیا گیا اور تجویز کی بھرپور توثیق کی گئی۔وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے بورڈ میں زیادہ تر آزاد ڈائریکٹرز رکھنے کے اقدام کو سراہا اور بورڈ کو پیشہ ورانہ انداز میں چلانے کے لیے ایس ایم ای سیکٹر سے ممتاز پیشہ ور افراد کے انتخاب کو سراہا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا بورڈ ریونیو جنریشن کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد کے لیے پی آر اے ایل کی مضبوط نگرانی اور اچھے انتظام کی بہتر نگرانی کرے گا۔