کراچی(نمائندہ جسارت)صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کراچی میں واقع الخدمت سندھ ریجن کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صدرالخدمت سندھ ڈاکٹرسید تبسم جعفری، ڈاکٹراحمدسفیان ،عبدالرزاق سمیت دیگرذمے داران موجودتھے۔صدرالخدمت پاکستان کو سندھ بھرمیں جاری صاف پانی اورطبی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں سمیت تمام دیگرسرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے الخدمت سندھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ الخدمت کے ہر ایک کارکن کاجذبہ قابل ستائش ہے۔اللہ کی مدد اور کارکنان کی کاوشوں کے باعث اتنے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں۔ ان کامزیدکہناتھاکہ الحمدللہ دنیابھرسے مخیرحضرات نے الخدمت پربھروسہ کیا جس کی بدولت فلسطین میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ الخدمت کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لیے خوراک،پانی اور ادویات سمیت دیگرضروریات زندگی کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔