کراچی(نمائندہ جسارت)70سال سے ملک میں ایک مخصوص اشرفیہ کی حکمرانی ہے۔آئی پی پیز میں تمام حکمران جماعتوں کی کمپنیاں ہیں جنہوں نے بجلی کے بلوں کے نام پرعوام کے خون کو چوسا ہے۔پاکستان کو بحران سے نکالنے کا واحد حل یہ ہے کہ عوام حافظ نعیم الرحمن کا ساتھ دیں اور اس کے دست و بازو بن جائیں۔ممبر سازی مہم پاکستان کی سیاست کا رخ تبدیل کردے گی۔ان خیالات کا اظہار نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے ابراہیم حیدری اراکان آباد میں جماعت اسلامی علاقہ بن قاسم کے تحت لگائے گئے ممبر سازی کیمپ کے دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیکرٹری مالیات طیب اعجاز سواتی،این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان ،جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال ،ناظم علاقہ محمد ساجد عثمانی ،ماہی گیروں کی تنظیم کے سربراہ نور حسین اراکانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سیکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے ممبر شب فارم پر کیے۔شمس الرحمن سواتی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کا نظام پوری آب وتاب کے ساتھ جاری ہے۔سارے چور ڈاکو لٹیرے ملک کے حکمران بن بیٹھے ہیں اور فارم 47والوں کی حکمرانی ہے اور نج کاری کے نام پر قومی اداروں کو فروخت کیا جا رہا ہے جو کہ ہماری سا لمیت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ملک کو اس وقت جرأت مند بہادر اور دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے حق دو کراچی تحریک کے ذریعے لوگوں کے دلوں کو جیتا ہے اور اب وہ حق دو عوام تحریک چلا کر پورے پاکستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی رہے ہیں۔پوری قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔محنت کش ،مزدو ،کسان ان کے ہمنوا ہیں اور ہم پوری قوت کے ساتھ ظلم کے اس نظام کے خاتمیکے لیے حافظ نعیم الرحمن کے شانہ بشانہ جدوجہد کر کے ظلم کے فرسودہ ظالمانہ نظام کو ہمیشہ کے لیے دفن کریںگے اور اسلام کا عادلانہ نظام اس ملک میں نافذ کیا جائے گا۔طیب اعجاز نے کہا کہ غریب ،مزدور کسان سب حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں متحد ہو جائیں۔جرأت مند قیادت ہی ہمارے مسائل حل کر سکتی ہے۔ خالد خان نے کہا کہ بنگلا دیش میں آج لوگ آزادی کی سانس لے رہے ہیں اور بھارت کی غلامی سے انھیں نجات حاصل ہوئی ہے۔پاکستان میں بھی جاگیر داروں ،سرمایہ داروں کا قبضہ ہے۔حافظ نعیم الرحمن جیسی جرأت مند قیادت کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں تو پھر ان جاگیر داروں ،وڈیروں اور سرمایہ داروں سے نجات حاصل ہو جائے گی۔عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں ممبر شب حاصل کریں اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے۔قاسم جمال نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ غریب عوام اپنے حقوق کے لیے میدان عمل آئیں اور ظلم کے نظام کو اکھاڑ پھینکا جائے۔ساجد عثمانی نے کہا کہ ممبر سازی مہم عوام کو قوت فراہم کرے گی۔نورحسین اراکانی نے کہا کہ بنگالی برمی زبان بولنے والے پاکستانیوں کی مضبوط آواز جماعت اسلامی ہی ہے اور ہزاروں افراد ممبر شب حاصل کرکے اپنے محسن حافظ نعیم الرحمن کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔