جینوا (مانیٹرنگ ڈیسک) کشمیریوں کی بڑی تعداد نے جینوا میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یورپ بھر سے آئے ہوئے کشمیری جینوا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے اور مودی حکومت کی کشمیر دشمن پالیسی اور مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ جینوا کی فضا مودی مردہ باد اوربھارت مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ شہدا کی تصاویر اور بھارت مخالف نعروں کے پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے کشمیریوں کوحق خود ارادیت دینے کے حق میں آزادی دو، کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے گرفتار حریت قیادت کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ مظاہرے سے اٹلی، فرانس، بیلجیئم، جرمنی، اسپین، برطانیہ اور سوئٹرزلینڈ کے کشمیری تارکین وطن کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔