لاہور: سوشل میڈیا کے ذریعے طلبا کو منشیات فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

58

لاہور (آئی این پی) سوشل میڈیا اور ای کامرس پلیٹ فارمز سے طلبا کو منشیات فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے جنوبی پنجاب میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے نیٹ ورک کو ختم کر دیا جو سوشل میڈیا اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فراہم کر رہا تھا۔ نیٹ ورک 2 بھائی چلا رہے تھے جو طلبا کو پارٹی ڈرگز کی بڑے پیمانے پر فروخت میں ملوث تھے۔ اے این ایف ٹیم نے انٹیلی جنس اطلاع کے ذریعے انہیں گرفتار کر کے 1500 ایکسٹیسی گولیاں، 1.5 کلو گرام میتھم فیٹامائن (آئس) اور 2 کلو گرام چرس ضبط کر لی۔ اے این ایف حکام کے مطابق ملزمان نے ملتان کے مختلف گھروں اورہوٹلوں میں منشیات سے چلنے والی Rave پارٹیوں کا بھی اہتمام کیا، ملزمان نے خاص طورپر ہاسٹل میں رہائش پذیر طلبا کو منشیات کی فروخت کے لیے ہدف بنایا۔ یہ کریک ڈائون منشیات اسمگلنگ کرنے والے گروہوں کے خلاف اے این ایف کی جاری مہم کا حصہ ہے جو تعلیمی اداروں میں غیر قانونی منشیات کی فروخت میں ملوث ہیں اور اس کا مقصد منشیات اسمگلنگ میں ملوث طلبا اور ایسے منظم گرہوں کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔