ٹھٹھہ ، مٹیاری ، ایل پی جی کی غیر قانونی فروخت، متعدد دکانیں سیل

160

ٹھٹھہ/ مٹیاری (نمائندگان جسارت) چیف سیکرٹری سندھ اور ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو نے ضلع بھر میں غیر قانونی یا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے ایل پی جی فلنگ اسٹیشنز کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیے، جس کے تحت مختارکار میرپور ساکرو نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے رہائشی اور کاروباری علاقوں میں ایل پی جی سلنڈر کی غیر قانونی فلنگ کرنے والی متعدد دکانوں کو سیل کر دیا۔ مختارکار نے مختلف علاقوں میں غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر فلنگ کرنے والے دکانداروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ فوری اپنی دکانیں رہائشی اور کاروباری علاقوں سے دور قائم کریں اور ایس او پیز پر مکمل عملدرامد کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو کا کہنا تھا کہ رہائشی اور کاروباری علاقوں میں ایل پی جی سلنڈر کی غیر قانونی فلنگ سنگین خطرہ ہے، غیر قانونی گیس سلنڈر کی دکانوں میں نہ صرف غیر معیاری گیس سلنڈر ہوتے ہیں جن سے خطرناک طریقے سے فلنگ کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں آگ لگنے اور سلنڈر دھماکے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی متعلقہ قواعد و ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعات روکنے کے لیے کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب مٹیاری میں ایل پی جی کی دکانوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن، 9 میں سے 4 دکانیں سیل، ڈی سی محمد یوسف شیخ کے دورے۔ ضلع کے مختلف علاقوں مٹیاری، اللہ ڈنو سانڈ، کیبر، کنڈو، ہالا، بھٹ شاہ اور سعید آباد میں ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے اچانک چھاپے مارے گئے۔ 9 مختلف دکانوں پر این او سی اور سول ڈیفنس کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ چیک کیے گئے۔ ان میں سے مٹیاری ایل پی جی مٹیاری شہر، رمضان ایل پی جی کیبر، جت ایل پی جی ہالا اولڈ اور علی ایل پی جی نیشنل ہائی وے ہالا پر این او سی نہ ہونے اور غیر تصدیق شدہ سلنڈر موجود ہونے کی بنیاد پر دکانوں کو سیل کیا گیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے بتایا کہ آپریشن حکومت سندھ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق کیا جا رہا ہے اور ہم کسی کو تنگ کرنے یا عوام کی پریشانی کے لیے کریک ڈاؤن نہیں کر رہے، بلکہ یہ عوام کی حفاظت کے لیے ہے جن دکانوں پر ایس او پی کے مطابق ایل پی جی فروخت ہو رہی ہے، انہیں بالکل پریشان نہیں کیا جا رہا۔ دوسری جانب ہالا میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مظاہر برڑو نے سیل شدہ دکان مالکان کو آگاہ کیا کہ وہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے سامنے این او سی کے لیے درخواست دیں، ضروری کاغذات اور جگہ کے معائنے کے بعد سال کی این او سی جاری کی جائے گی۔