مظفر آباد: کبوتروں کے سودے پر تلخ کلامی، نوجوان قتل

80

مظفرآباد (صباح نیوز) جمعہ اور ہفتہ کی درمیان شب ٹھوٹھہ کے نواحی علاقے کنڈ نگرہ پلہوتر کے رہائشی 16 سالہ نوجوان سعد نصیر ولد محمد نصیر اعوان کو خنجر کے وار کر کے قتل کر دیا گیا، معمولی تلخ کلامی اور کبوتروں کے سودے پر تلخی ہوئی، بعد ازاں ملزمان نے شادی کی تقریب میں موجود مقتول کو بلاکر کر جنجر کے وار کر کے ابدی نیند سلا دیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ پولیس گڑھی دوپٹہ نے ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے چیف ملزم عون شاہ ولد سید حسین شاہ، ثقلین شاہ ولد اشرف شاہ، ثاقب شاہ ولد اشرف شاہ، حمید نقوی ولد حسین شاہ، وجاہت شاہ ولد نور حسین شاہ،اور حسین شاہ ولد نور حسین شاہ ساکنان ٹھوٹھہ کو گرفتار کر لیا، چیف ملزم کو نالے سے تلاش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کی نشاندہی پر آلۂ قتل/ خنجر بھی برآمد کر لیا گیا، جبکہ ایک ملزم کی تلاش جاری ہے۔ مقتول نوجوان سعد کے والد نصیر اعوان کا تعلق ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسل چک ہامہ کے گاؤں درہ سے ہے جنہوں نے کنڈ نگرہ پلہوتر سے شادی کر رکھی ہے اور ادھر ہی رہائش پذیر ہیں، قتل ہونے والے نوجوان کی نمازِ جنازہ نگرہ پلہوتر میں ادا کی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد نے شرکت کی، شرکاء جنازہ اور عوامی حلقوں نے نوجوان کے قتل کی لرزہ خیز واردات پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔