فیصل آباد (آئی این پی) سفاک باپ نے 2 کمسن بیٹیوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا، ابتدائی تفتیش میں ملزم نے بتایا کہ نہیں چاہتا تھا کہ میری بیٹیاں بڑی ہو کر لوگوں کے گھروں میں کام کریں، اس لیے مار ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال کالونی میں سفاک باپ نے 2 کمسن بیٹیوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا، تھانہ ڈی ٹائپ کالونی پولیس نے ملزم اکمل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ 28 سالہ اکمل اپنی 2 بیٹیوں 7 سالہ نور فاطمہ اور 6 سالہ ایمان فاطمہ کے ساتھ علامہ اقبال کالونی کے ایم بلاک میں مقیم تھا جبکہ اس کی بیوی زینب ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھروں میں کام کرتی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ اکمل نے ہفتے کے روز علی الصبح اپنی سوئی ہوئی دونوں بیٹیوں کو گلا دبا کر مار ڈالا، محلے دار کے اطلاع کرنے پر تھانہ ڈی ٹائپ کالونی پولیس نے اکمل کو گرفتار کر کے مقتول بچیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کر دیں۔ ملزم اکمل نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ اس کی بیوی زینب اس سے خلع لے کر بچیاں اپنے پاس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رکھنا چاہتی تھی اور میں نہیں چاہتا تھا کہ میری بیٹیاں بڑی ہو کر لوگوں کے گھروں میں کام کریں، اس لیے دونوں کو مار ڈالا۔