فیصل آباد اور سکھر میں جماعت اسلامی کی رابطہ عوام و ممبر شپ مہم جاری

134

فیصل آباد (جسارت نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر ملک بھرکی طرح فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بھی ممبر سازی کیمپ لگائے گئے جہاں شہریوں کو جماعت اسلامی کا ممبر بنایا گیا، کیمپ آج بھی جاری رہیں گے، کیمپوں کے اختتام پر کارکنوں اور شہریوں کو حافظ نعیم الرحمن کا آن لائن خطاب بڑی اسکرینوں کے ذریعے دکھایا جائے گا۔ ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے غلام محمد آباد، سمن آباد، مدینہ ٹائون، گلستان کالونی سمیت مختلف علاقوں میں کیمپوں کا دورہ کیا اور کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ پاکستان سے ظلم و جبر اور ناانصافی کے نظام کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی نے ممبر شپ مہم کا آغاز اس مقصد کے لیے کیا ہے کہ عوام کو نچلی سطح تک متحرک اور کرپٹ نظام اور اس کے پہرے داروں سے نجات حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے بعد پی ٹی آئی کو بھی آزمالیا، عوام اب کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، مہنگائی اور بے روز گاری نے عوام سے راتوں کی نیند چھین لی، حکومت نے بیڈ گورننس کے سارے ریکارڈ توڑ دیے، عوام نے موجودہ اور سابق حکمرانوں سے جو توقعات اور اُمیدیں وابستہ کی تھیں وہ مایوسی میں بدل گئیں۔
سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پنو عاقل کی جانب سے رابطہ عوام و ممبر شپ مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ رابطہ عوام مہم ممبر بنو طاقت بنو کیمپ الفیصل مسجد کے باہر لگایا گیا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے ممبر شپ فارم بھرے اور جماعت اسلامی پر اپنے اعتماد و شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر قیم جماعت اسلامی ضلع سکھر امان اللہ تنیو، امیر تحصیل پنوعاقل عبدالرحمن انڈھڑ، امیر مقام شہر پنو عاقل عبدالرشید شیخ سمیت ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔