ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) جامشورو کا پریمی جوڑا تحفظ کے لیے ٹھٹھہ پہنچ گیا، ہمیں جان سے مارنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، پرمیکا کی ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو ۔ تفصیلات کے مطابق جامشورو کا رہائشی جوڑا تحفظ کے لیے ٹھٹھہ پہنچ گیا۔ اس سلسلے میں ضلع جامشورو کے گائوں ساکھ کھوسو کی رہائشی پریمکا مسمات آمنہ بنت نور محمد کھوسو نے اپنے دوسرے شوہر عبد الوحید ولد مشتاق خان کھوسو کے ہمراہ ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری 4 سال قبل بلاول ولد علی بخش کھوسو سے شادی ہوئی تھی لیکن وہ مجھ پر بے پناہ تشدد کرتا تھا جس سے میں نے طلاق لے لی تھی اور 18 ستمبر کو بدین میں عبد الوحید سے نکاح کرلیا جس سے میں بہت خوش ہوں لیکن میرے رشتے دار سابق شوہر اور اس کے رشتے دار شبیر کھوسو، بہارو کھوسو، علی محمد، بھائی صدام کھوسو، سابق شوہر بلاول سسر علی بخش کھوسو اور دیگر جان کے دشمن بن گئے اور ہمیں نقصان پہنچانے کی کوششوں میں ہیں جس کی وجہ سے ہم در بدری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مسمات آمنہ نے کہا کہ مجھے کسی نے نہیں ورغلایا اور نہ ہی کسی نے اغوا کیا، اپنی مرضی سے نکاح کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں تحفظ فراہم اور دھمکیاں دینے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، اگر ہمیں کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار دھمکیاں دینے والے ہوں گے۔