چنئی(اسپورٹس ڈیسک):بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ، بنگلا دیش کو جیت کے لیے 357 رنز اور بھارت کو 6 وکٹیں درکار ہیں ۔ گزشتہ روز ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت نے شبمن گل اور رشبھ پنت کی شاندار سنچریوں کی بدولت اپنی دوسری اننگز 287 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی ، شبمن گل نے ناقابل شکست 119 رنز بنائے جبکہ وکٹ کیپر بلے بازرشبھ پنت نے 109 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، بنگلا دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 2 وکٹیں حاصل کیں ، پہلی اننگز میں 227رنز کی برتری کی بدولت میزبان ٹیم بھارت نے بنگلا دیش کو جیت کیلئے مجموعی طور پر 515 رنز کا ہدف دیا ، جواب میں بنگلا دیش نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا لیے ، ذاکر حسن 33 ، شادمان اسلام 35 جبکہ مومن الحق اور مشفق الرحیم 13 ، 13 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ، کپتان نجم الحسین شانتو 51 اور شکیب الحسن 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔