پی ٹی آئی رہنما شیر افضل نے لاہور جلسے میں شرکت سے معذرت کرلی

178

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے لاہور میں منعقد ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے اپنی خرابی صحت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دن کے وقت ان کی طبیعت بہتر تھی لیکن شام کو ان کی بیماری دوبارہ شدت اختیار کر گئی۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ انہیں حال ہی میں ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا اور وہ جلسے میں شرکت کی امید کر رہے تھے تاہم بیماری کے باعث ان کی حالت مزید بگڑ گئی، جس کے سبب وہ لاہور کا سفر کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا “مجھے کمزوری محسوس ہو رہی ہے اور ان حالات میں شاید میں لاہور کا سفر نہ کر سکوں۔ مگر مجھے امید ہے کہ لاہور اور پنجاب کے لوگ عمران خان صاحب کی حمایت کے لیے ضرور نکلیں گے۔ اللہ پاک پاکستانیوں کو ہمت دے۔”

واضح رہے کہ گرشتہ روز شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پارٹی رہنماؤں کو اپنے کورونا ٹیسٹ کے نتائج سے آگاہ کیا تھا۔

شیر افضل مروت نے بتایا تھا کہ وہ بیماری کے بعد ابتدائی ٹیسٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا پتا چلا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور جسم میں شدید درد اور زیادہ درجہ حرارت کی شکایت کر رہے ہیں۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وبائی مرض کووڈ-19 اب پہلے کی نسبت کم مہلک ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔