بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم

285
the end of terrorism

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی امن کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا کو درپیش تنازعات اور تقسیم کی صورت حال پر روشنی ڈالی اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے اور اس تقسیم کو ختم کرنے کے لیے اقوام عالم کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے عالمی برادری کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگ و تنازعات سے پاک پرامن دنیا کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ بات چیت کا حامی رہا ہے تاہم خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے دیرینہ تنازعات کا حل ضروری ہے۔

شہباز شریف نے جموں و کشمیر کے تنازعے کو ایک اہم مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس کے پائیدار حل کے لیے غیرجانبدارانہ رائے شماری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن فلسطینی عوام کی حالت زار کو بھی نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے، جو ریاستی جارحیت کے خلاف بہادری سے مزاحمت کر رہے ہیں۔ فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق مشرق وسطیٰ کے تنازعے کا پرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے ممکن ہے۔

وزیراعظم نے عالمی برادری کے ساتھ مل کر دنیا کو امن و استحکام کا گہوارہ بنانے کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن مستقبل کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔