لاہور پولیس کا پی ٹی آئی جلسے میں 12 اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ

163

لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کاہنہ میں منعقد ہونے والے جلسے کے دوران 12 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے یہ گرفتاریاں 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کی شناخت کے بعد کیں۔

پنجاب پولیس نے جلسے کے دوران ملزمان کی گرفتاری کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی تھی۔ جلسہ گاہ کے اطراف میں فیس ڈیٹیکشن کیمرے نصب کیے گئے تھے تاکہ شرکاء کی شناخت کی جا سکے۔ سیف سٹی اتھارٹی کے دفتر میں چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیمیں بھی متحرک تھیں۔

لاہور پولیس نے بتایا کہ انویسٹی گیشن ٹیموں کو پہلے سے ہی الرٹ کردیا گیا تھا تاکہ کسی بھی اشتہاری ملزم کی فوری گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کیمروں کی مدد سے ممکن ہوئی جبکہ جو افراد ضمانت پر ہیں، ان کی دوبارہ گرفتاری اس لیے عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی مزید شرانگیزی سے روکا جا سکے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار کیے جانے والے 12 اشتہاریوں کو مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے کہا کہ حماد اظہر کی گرفتاری حالات اور واقعات کے مطابق کی جائے گی۔