لاہور پولیس کو پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کا ٹاسک مل گیا

175

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان کے بعد لاہور پولیس کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

حماد اظہر اس وقت لاہور کے کاہنہ جلسہ گاہ میں موجود ہیں اور پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس اہلکار متحرک ہو چکے ہیں اور انہیں خصوصی طور پر حماد اظہر کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

حماد اظہر ماضی میں بھی مختلف جلسوں میں شریک رہے ہیں اور وہ 9 مئی کے مقدمات میں اشتہاری ملزم قرار دیے جا چکے ہیں۔

اس سے قبل عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ اگر 9 مئی کے کسی ملزم کو جلسے میں دیکھا گیا تو فوری کارروائی کی جائے گی، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 عظمیٰ بخاری نے مزید کہا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت دی ہے کہ جلسے کے دوران کوئی سڑک بند نہیں ہوگی اور جلسے والوں کی خاطر تواضع کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو خود ہی جلسے کے لیے لوگوں کو لانا ہوگا اور تحریک فساد کے کارکنوں نے گزشتہ رات بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی تھی۔