لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج لاہور کے کاہنہ مویشی منڈی میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جس کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔
جلسہ گاہ میں کرسیاں ساؤنڈ سسٹم اور اسٹیج کے لیے کنٹینر پہنچایا جا رہا ہے جبکہ کارکن رکاوٹوں کے باوجود بڑی تعداد میں جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد سے لاہور آنے والی موٹروے مکمل طور پر بند کردی گئی ہے، جس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلوں کو لاہور پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود کارکن مختلف راستوں سے جلسہ گاہ پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ میں انتظامی مشکلات بھی سامنے آئیں، جس میں گندے پانی کا جوہڑ جلسہ گاہ کے پیچھے موجود ہونے کے باعث اسٹیج کے لیے کنٹینر اندر پہنچانے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ تاہم انتظامیہ کی کوشش ہے کہ کنٹینر کو پیچھے نکال کر دوبارہ جلسہ گاہ کے اندر لایا جائے تاکہ اسٹیج کی تیاری مکمل کی جا سکے۔
جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں اور جلسے کے دوران پارٹی رہنما اہم خطابات کریں گے، جس میں حالیہ سیاسی حالات اور پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی پر گفتگو متوقع ہے۔