پی ٹی آئی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو حکومت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی، مریم نواز

183

پنجاب حکومت نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کے انعقاد کے لیے انتظامیہ کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے جاری کردہ نئے احکامات کے تحت تمام سڑکوں اور موٹرویز کو کھلا رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ جلسے کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو سیاسی رویہ اپنانا ہوگا اور اگر قانون کو ہاتھ میں لیا گیا تو حکومت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جلسے کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔