کراچی: شہر قائد کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرادی ہے، جس پر 3 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔
یہ اضافہ اگست کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی مد میں مانگا گیا ہے، جس کے منظور ہونے کی صورت میں صارفین پر ایک ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
یہ درخواست نیپرا کے فیصلے کی منظوری کے بعد لاگو ہوگی اور کراچی کے لاکھوں صارفین کو متاثر کرے گی۔
کے الیکٹرک نے اس سے قبل جولائی کے ایف سی اے کے تحت بھی بجلی کی قیمت میں 3 روپے 9 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی۔
جس پر 29 اگست کو سماعت کی گئی تھی۔ نیپرا نے ابھی تک جولائی کے ایف سی اے کا فیصلہ جاری نہیں کیا ہے تاہم اگر یہ درخواست منظور ہوتی ہے تو صارفین پر 6 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ ڈالے جانے کا امکان ہے۔
بجلی کی بڑھتی قیمتوں سے کراچی کے شہریوں کو مزید مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا جو پہلے ہی معاشی مشکلات اور مہنگائی سے پریشان ہیں۔