اسلام آ باد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسرائیل کا غزہ میں قتل عام اور بھارت کی مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج دنیا کو مختلف علاقوں میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور تنازعات کا سامنا ہے، تنازعات عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، اسرائیل ہزاروں لوگوں کے غزہ میں قتل عام سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، ہم سب کو اقوامِ عالم کے مابین امن، رواداری اور بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں دہشتگردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے، مودی حکومت بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہی ہے، بھارت مسلمانوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے، ہمیں ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتی، جنگیں اور تنازعات لوگوں کیلئے مشکلات اور مصائب میں اضافہ کرتے ہیں، آئیے امن، رواداری اور انسانی وقار کے احترام کے فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں، ہم ایسی دنیا تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہماری آئندہ نسلیں امن اور ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں۔
ان کا کہنا تھا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں، دنیا کی ترجیح تنازعات کی بجائے اِنسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہونا چاہیے، غربت، بھوک، نا انصافی، ظلم جیسے مسائل کے حل پر توجہ دینا ہو گی، ہم سب ملکر ایک پرامن مستقبل اور ایک بہتر دنیا تشکیل دے سکتے ہیں،۔