افغانستان نے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو شکست دیکر سیریز نام کرلی

131

شارجہ: افغانستان نے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقا کو 177 رنز سے شکست دی اور 3 میچوں کی سیریز 2-0 کے ساتھ جیت لی۔ افغانستان نے 312 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے پورا کرنے کی دوڑ میں جنوبی افریقی ٹیم 134 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا بووما نے 38 رنز بنائے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹونی ڈی زورزی نے 31، ایڈن مارکرم نے 21، ریزا ہینڈرکس نے 17، ٹرسٹن اسٹبز نے 5، قابایومزی پیٹر نے بھی 5، لُنگی اینگیڈی نے صرف 3، کائل ویرین نے 2، وائن مُولڈر بھی صرف 2 اور جورن فورچن صفر پر چلتے بنے۔

جنوبی افریقا کے نینڈرے برجر ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسی طرح نینگیالیا خروٹے نے 4 اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز اسکور کیے۔ رحمان اللہ گرباز 105 رنز بنا کر نمایاںرہے۔ رحمت شاہ 50، ریاض حسن 29 اور محمد نبی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللہ عمرزئی 86 اور راشد خان 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

پروٹیز کی جانب سے لُنگی اینگیڈی، ایڈن مارکرم، نینڈرے برجر اور قابایومزی پیٹر نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔