سیرت النبی ﷺ پرعمل پیرا ہوکر ہی کامیابی مل سکتی ہے،مقررین

123

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) تحریک محنت پاکستان کے صدر سید خالد حسین بخاری کا تحریک محنت ٹنڈوآدم کے تحت منعقدہ سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کانفرنس کے میزبان صدر تحریک محنت ٹنڈوآدم پروفیسر احمد جبران غوری تھے سیرت کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ عبدالغفور انصاری ،نائب امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ مشتاق احمد عادل امیر جماعت اسلامی ٹنڈوآدم عبدالستار انصاری ، تحریک محنت حیدرآباد کے صدر برادر سلیم، اور تحریک محنت یوتھ سندھ کے صدر عبدالرحمن سمیت ٹنڈوآدم کے معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔تقریب کا آغاز اللہ رب العزت کی بارگاہ میں تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور بارگاہِ رسالت میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔مقررین نے تحریک محنت پاکستان کے اغراض ومقاصد بیان کیے جبکہ مہمان خصوصی سید خالد حسین بخاری نے آقائے دوجہاں محمد ﷺ کی سیرت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اگر ہم معاشرے میں عزت کا مقام اور دنیا و آخرت کی کامیابی چاہتے تو ہمیں کتاب ہدایت کلام اللہ سے رشتہ جوڑنا ہوگا سیرت النبیﷺ کے مطالعے کو معمول بنانا ہوگا اپنے گھروں میں قرآن کا ترجمہ و تفسیر اور سیرت طیبہ پر مشتمل لائبریری قائم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے گھروں کی تزئین و آرائش پر لاکھوں روپے خرچ کرتے ہیں لیکن چند سو روپے کی کتاب ہمیں مہنگی لگتی ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسل کو نبی کریم ﷺکی سیرت طیبہ سے آگاہی دینا ہوگی، صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے قرآن مجید اور سیرت النبیﷺ سے فیضیاب ہوکر اس دنیا کو بدل ڈالا تھا اور نظام عدل و مساوات اور نظام مصطفی قائم کیا تھا آج بھی ہم ان کے نقش قدم پر چل کر اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرسکتے ہیں۔ صدر تحریک محنت ٹنڈوآدم پروفیسر احمد جبران غوری نے بتایا کہ مکتبہ تحریک محنت 4 سال سے ٹنڈوآدم میں قائم ہے جہاں پر کتابیں بارعایت آسان اقساط پر دی جاتی ہیں اور اس جدید دور میں بھی بہت سارے لوگ کتابیں خرید کر مستفیض ہورہے ہیں۔ سماجی رہنما عمران عزیز غوری نے مہمان خصوصی کو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔پروگرام میں کمپیئرنگ کے فرائض پروفیسر احمدبلال غوری نے انجام دیے جبکہ جماعت اسلامی کے نائب امیر مشتاق احمد عادل کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔