کوٹری سائٹ کی فیکٹریوں میں مقامی افراد روزگار سے محروم

117

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)کوٹری سائٹ ایریا کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے کوٹری کے کارخانوں اور فیکٹریوں میں روزگار نہ دیے جانے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ہوش محمد سندھی، عرفان چانڈیو، آزاد سندھی اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوٹری سائٹ ایریا کے کارخانوں اور فیکٹریوں میں سندھی ملازمین اور مزدوروں کے لیے روزگار کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں اور تعلیم یافتہ سمیت ہنرمند نوجوان بے روزگاری کے سبب دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب پیپلز پارٹی حکومت بے روزگاروں کو نوکریاں دینے کے لیے تیار نہیں ہے تو دوسری جانب کوٹری سمیت سندھ کے کارخانوں ملوں اور فیکٹریوں میں سندھی نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے نوجوان بھوک اور بدحالی میں مبتلا ہو کر خودکشی جیسے اقدام کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوٹری کے کارخانوں میں سندھی مزدوروں کو اولیت کی بنیاد پر نوکریاں دے کر بے روزگاری سے بچایا جائے۔ دوسری صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔