حیدرآباد ،محکمہ تعلیم میں ٹائم اسکیل نافذ نہ ہوسکا

92

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل سندھ ایجوکیشن لوئر اسٹاف سندھ کے رہنمائوں فراز ساٹھی، محمد الیاس جتوئی ،محمد پریل پنہور، محمد عثمان شیخ اور دیگر نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے 25فروری 2019ء سے منظور شدہ ٹائم اسکیل کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا ہے جبکہ لوئر اسٹاف سے جونیئر کلر پروموشن کے لیے مقرر 30فیصد کوٹہ پر عمل درآمد بھی نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گریڈ ایک سے گریڈ چار تک کی تمام پوسٹوں کو اپ گریڈ کر کے گریڈ 7,8,9,10میں رکھا جائے، گریڈ ایک سے گریڈ چار تک کے ملازمین کو بائیومیٹرک سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، لوئر اسٹاف کو وردی الائونس ٹریژری کے ذریعے دیا جائے، کراچی ریجن اور شہید بے نظیر آباد ریجن میں چھان بین کے بعد لوئر اسٹاف سے جونیئر کلرک ترقی حاصل کرنے والوں کے کینسل کئے گئے پروموشن آرڈر منسوخ کر کے انہیں بحال کیا جائے۔ رہنمائوں نے کہا کہ ملک میں جاری مہنگائی کے سبب لوئر اسٹاف کی تنخواہیں ناکافی ہیں اس لیے تنخواہوں میں 10ہزار روپے یوٹیلیٹی الائونس دیا جائے ۔رہنمائوں نے کہا کہ ہم ان مطالبات کی منظوری کے لئے گزشتہ کئی عرصہ سے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن محکمہ تعلیم سمیت سندھ حکومت مطالبات حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے ہم سندھ حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر 30ستمبر 2024ء تک ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو پھر 7 اکتوبر 2024ء کو کراچی میں وزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔