بہت جلد نبیؐ کا لایا ہوا نظام نافذ العمل ہوگا، راشد نسیم

125

کراچی(نمائندہ جسارت)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب مجاہدین کا خون رنگ لائے گا اور اس خون سے وہ سورج طلوع ہو گا جس سے قبلہ اول صہیونی تسلط سے آزاد ہو گا اور حضورؐ کا لایا ہوا نظام نافذ العمل ہو گا۔ مسجد اقصیٰ گلشن اقبال کراچی میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دفعہ 12ربیع الاول ایسے پس منظر میں ا ٓیا کہ جب بنگلا دیش میں عوام نے شیخ مجیب الرحمن کے پتلوں کو پاش پاش کر دیا، ایسا پہلی دفعہ نہیں ہوا اور نہ یہ آخری دفعہ ہوا ہے، اس سے قبل لینن، مارکس، ہٹلر اور دیگر دنیاوی و مادیت پرستی کے نظریات کا پرچار کرنے والوں سیکولر اور لادین شخصیات کے پتلے جلائے گئے اور عوام نے ان سے اعلان برأت کیا۔ اس پس منظر میں حضور اکرمؐ کی شخصیت، ان کا اسوۂ حسنہ اور سنتیں تازہ ہو رہی ہیں اور لوگ اسلامی نظام کے لیے جدوجہد میں تیزی لا رہے ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی مجاہد اسرائیل جیسی طاقت جس کی پشت پر مغرب اور امریکا کو گزشتہ ایک برس سے ناکوں چنے چبوا رہا ہے۔