مہنگائی میں مزید اضافہ ، ادارہ شماریات کے اعداد و شمار جاری

134

اسلام آباد(آن لائن ) ملک میں مہنگائی کی شرح میں مذید اضافہ ،زندہ مرغی ،دالیں ،سبزیاں ، فروٹ اور انڈے سمیت 19اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پٹرول ،ایل پی جی اور ٹماٹر سمیت کئی اشیاء کے قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 12.72 فیصد تک آگئی ہے اور ایک ہفتے میں 17 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ، 15 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 50 پیسے دال چنا کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 23 پیسے کا اضافہ ہوا ہے ،انڈے فی درجن 2 روپے 10 پیسے مہنگے ہوئے ہیں لہسن کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 59 پیسے کا اضافہ ہواہے ،ایک ہفتے میں چاول، دودھ، دہی، مٹن اور بڑا گوشت مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں ایک ہفتے میں پٹرول 10 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 13 تک سستا ہواہے جبکہ ایک ہفتے میں پیاز کی فی کلو قیمت میں 7 روپے تک کی کمی ہوئی ہے رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 70 پیسے کی کمی ہوئی چینی 1 روپے فی کلو جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 18 روپے تک سستا ہوا ہے رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں دال مونگ، دال ماش، آلو، آٹا اور سگریٹ سستی ہوئی ہے۔