اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس 600پوائنٹس بڑھ گیا

116

کراچی ( کامرس رپورٹر )بلوم برگ کی رپورٹ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو سال 2024 میں دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی زبردست تیزی کا رجحان رہا اور مارکیٹ82ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گئی ،کے ایس ای100انڈیکس 600پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں57ارب روپے سے زاید کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 107کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ43.04فیصد حصص کی قیمتیں بھی برھ گئیں۔سیمنٹ، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر اور ریفائنری سمیت منتخب شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ ایم ای بی ایل، یو بی ایل، اینگرو، ایف ایف سی سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں مثبت رجحان رہا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ مثبت تبدیلیاں اس لیے سامنے آئی ہیں کیونکہ سرمایہ کار آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کی توقع کر رہے ہیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کے ایس ای100انڈیکس میں 615.16پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 81459.29پوائنٹس سے بڑھ کر82074.45پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 234.45پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 25799.86پوائنٹس سے بڑھ کر26034.31پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 52009.79پوائنٹس سے بڑھ کر52288.85پوائنٹس پر جا پہنچا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں57ا رب 23 کر وڑ23لاکھ73ہزار348روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 106 کھرب 65 ارب 87 کروڑ 45 لاکھ 7 ہزار 350روپے سے بڑھ کر 107 کھرب 23 ارب 10 کروڑ 68 لاکھ 80ہزار698روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو 30 ارب روپے مالیت کے 48 کروڑ 23 لاکھ73ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ جمعرات کو 18ارب روپے مالیت کے 45 کروڑ 90 لاکھ37ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر 453کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے195کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،196میں کمی اور62کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے فرسٹ کیپٹل سیکیورٹیز3کروڑ15لاکھ ،آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ 2کروڑ94لاکھ ،فوجی فرٹیلائزر بن قاسم 2کروڑ86لاکھ ،ورلڈ کال ٹیلی کام 2 کروڑ 68لاکھ اور پیس پاک لمیٹڈ 1 کروڑ 88 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔