ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئے3ہزار چارجنگ اسٹیشنزقائم ہونگے

107
ملک خدا بخش الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب کے معاہدے پر دستخط کررہے ہیں

کراچی(20ستمبر2024)چینی سرمایہ کار کمپنی اے ڈی ایم گروپ اور دومقامی کمپنیوں ملک انٹرپرائزاورانڈس ویلی کے مابین الیکٹرک وہیکلزکے انفرااسٹرکچر کی فراہمی کا معاہدہ طے پاگیا۔الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب کے حوالے سے معاہدے پرچینی کمپنی اے ڈی ایم گروپ کے سی ای او یاسربھمبھانی، ملک انٹرپرائز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ملک خدا بخش اور انڈس ویلی کے چیئرمین رانا عرفان حمیدنے دستخط کئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت،تجارت وسرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین،ڈپٹی سیکریٹری کامرس ابوبکر زبیر،چیف ایگزیکٹو آفیسرریلوے کنسٹرکشن پاکستان سید نجم سعید اور دیگر بھی موجود تھے۔چینی سرمایہ کار کمپنی اے ڈی ایم گروپ کے مقامی دونوں سرمایہ کار کمپنیوں سے معاہدے کے حوالے سے ملک انٹرپرائزکے سی ای اوملک خدا بخش نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ملک بھر میں 3ہزار الیکٹرک وہیکلز کے چارجنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے جس کیلئے چینی کمپنی 90ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریگی جبکہ زمین کی فراہمی انڈس ویلی کرے گی اور ہماری ذمہ داری انسٹالنگ آف مشینری اور لائسنس کی فراہمی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں الیکٹرک وہیکلزکی اسمبلنگ اورمینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگانے پر250ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔