چنئی ٹیسٹ: بنگلا دیش پہلی اننگز میں 149 رنز پر آئوٹ

60

چنئی(اسپورٹس ڈیسک)بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلے جارہے چنئی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارت کے 376 رنز کے جواب میں بنگلا دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں149 رنز پر آئوٹ ہوگئی، جسپریت بمرا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، بھارت نے دوسری اننگز میں3 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنا لئے اور اسے مجموعی طور پر 308 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ، میچ کے دوسرے روز مجموعی طور پر 17 وکٹیں گریں۔ ایم اے چدھمبرم ا سٹیڈیم چنائی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی اننگز 339 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ایشون 102 اور رویندرا جدیجا 86 رنز پر وکٹ پر موجود تھے تاہم دونوں بلے بازوں نے اسکور میں زیادہ اضافہ نہ کر سکے اور اپنی وکٹیں گنوا دیں، ایشون 113 اور جدیجا 86 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئے جبکہ آخری کھلاڑی جسپریت بمرا 7 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، اس طرح بھارت کی ٹیم پہلی اننگز میں 376 رنز پر آئوٹ ہوگئی، بنگلا دیشی بولرحسن محمد نے 5 وکٹیں حاصل کیں ، تسکین احمد نے 3جبکہ ناہید رانا اور مہدی حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلا دیشی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا اور ٹیم 47.1 اوورز میں 149 رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی،شکیب الحسن 32، کپتان نجم الحسن شنٹو 20 اور لٹن داس 22 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔