فرسودہ نظام کے خاتمے کے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے‘رخشندہ منیب

57
جماعت اسلامی حلقہ خواتین سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب ضلع کورنگی کے اجتماع ارکان وامیدواران سے خطاب کررہی ہیں

کراچی (پ ر)ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کا راج جاری ہے ۔ظلم اور کرپشن کے نظام کے خاتمے کیلئے دیانت دار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا ۔فرسودہ نظام کے خاتمے کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ۔جماعت اسلامی ہی مسائل کا واحد حل ہے ۔ممبر سازی مہم کیلئے خواتین اپنا کردار ادا کریں۔یہ بات جماعت اسلامی سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی حلقہ خواتین کے اجتماع ارکان وامیدواران سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی ۔اس موقع پرناظمہ جماعت اسلامی ضلع کورنگی ناھید ظہیر اور مولانا ہدایت اللہ نے بھی خطاب کیا ۔رخشندہ منیب نے کہا کہ کہ پاکستان خالصتا اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے قائم ہوا تھا لیکن اسلام کے بجائے یہاں لادینیت اور لوٹ مار کا نظام قائم ہے ۔سودی نظام کے ذریعے اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جنگ کی جاری ہے ۔جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں اس ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام قائم کرے گی ۔ناظمہ ضلع ناھید ظہیر نے کہا کہ جماعت اسلامی پورے پاکستان میں حق دو عوام مہم چلا رہی ہے ۔اس سلسلے میں ممبر سازی مہم جاری ہے خواتین نے اس میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے اور گھر گھر جا کر خواتین کو جماعت اسلامی کا ممبر بنانا ہے ۔مولانا ہدایت اللہ نے درس قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دعوت دین حضور ﷺ کی سنت ہے اور زندگی کے ہرشعبے میں اسلام کو عملی طور پر نافذ کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔