پولیس مقابلوں اور چھا پوں کے دوران ایک ڈاکوہلاک

24

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں اور چھا پوں کے دوران ایک ڈاکو مارا گیا زخمیوں سمیت 13ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ،ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، نقدی ، موبائل فون ،موٹر سائیکل ،منشیات اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر تھانے کی حدود پیپلز چورنگی گھوڑا چوک کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا ،تاہم اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ہلاک ملزم کے قبضے سے پولیس نے 01 پستول بمعہ راؤنڈ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کر لیا۔ لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی مزید تفتیش جاری ہے۔ ادھر ناظم آباد تھانے کی حدود ناظم آباد نمبر4 دریا کے کنارے گجر نالہ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ایک مقابلہ ہوا۔ دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 02 ڈاکو گرفتار ہوئے ،گرفتار ملزمان کی شناخت 18سالہ محمد عیسیٰ ولد خالق داد اور زوہیب عرف زاہد ولد غفار کے ناموں سے ہوئی،ملزمان عیسی اور زوہیب نے مورخہ 15 ستمبر کو ناظم آباد نمبر 3 گول مارکیٹ میں ایک شہری محمد آصف سے اس گھر کے سامنے واردات کی تھی،شہری اپنی فیملی کے ہمراہ گھر پہنچا تو ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اس سے اسکی موٹر سائیکل اور موبائل فون چھین لیا۔