پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر عمل شروع،جسٹس منیب ججز کمیٹی سے باہر

74

اسلام آباد (خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد، چیف جسٹس نے ججز کمیٹی میں تبدیلی کر دی، جسٹس منیب اختر 3 رکنی ججز کمیٹی سے باہر ہو گئے اور جسٹس امین الدین کمیٹی کا حصہ بن گئے۔صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کے بعد پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔رجسٹرار عدالت عظمیٰ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، جسٹس امین الدین خان سینیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں، 3 رکنی ججز کمیٹی بینچز کی تشکیل اور انسانی حقوق کے مقدمات کا جائزہ لیتی ہے۔3 رکنی ججز کمیٹی میں چیف جسٹس کے علاوہ سینئرترین جج جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل ہیں، ذرائع کے مطابق 3 رکنی ججز کمیٹی کا اجلاس پیر کو بلائے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد صدر مملکت آصف زرداری نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کیے تھے جس کے بعد وہ نافذ ہوگیا تھا۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 2 کی ذیلی شق ایک کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی مقدمات مقرر کرے گی، کمیٹی چیف جسٹس، سینئر ترین جج اور چیف جسٹس کے نامزد جج پر مشتمل ہو گی۔