کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے نیو کراچی ٹائون چیئر مین محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کوششوں اور محنت سے نیو کراچی کے عوام کے لیے 5 پارکوں کا تحفہ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف،وائس ٹاؤن چیئرمین شعیب بن ظہیر ودیگر ذمے داران کے ساتھ جمعہ کو5 پارکوں کا افتتاح کیا۔ان پارکوں میں جیلانی پارک 5G،خضرا پارک سیکٹر 5F، اسلامیہ پارک 11F، 11Dپارک ، 5Eپارک شامل ہیں ۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جن کی جانب سے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا گیا اور پارکوں کے افتتاح پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ سیکٹر 11F میں پارک کو جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن مرحوم کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ منعم ظفر خان نے افتتاح کے بعد نیو کراچی کے عوام و میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی اور سندھ حکومت نے بارشوں سے قبل 4 ارب روپے سے سڑکوں کی مرمت کا کام کرایا لیکن تھوڑی سی بارش کے بعد یہ ساری سڑکیں بہہ گئیں۔کراچی میں بلدیات کے حوالے سے جو مسائل ہیں اور شہر کی جو بدتر صورتحال ہے اس پر پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر بلدیات کو استعفا دے دینا چاہیے تھا لیکن وہ بدستور اپنے عہدے پر براجماں ہیں ، قابض میئر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئرمین ہیں، پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل حل کرناان کی ذمے داری ہے لیکن ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پانی اور سیوریج لائن کے کئی مسائل جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین نے حل کیے ہیں۔ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز چیئرمینز اختیارات کا رونا نہیں رورہے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے عوام سے جو وعدے کیے تھے اسے پورے کررہی ہے۔نیو کراچی کے عوام کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے 5 پارکوں کا تحفہ دیا جارہا ہے۔ گزشتہ 10 ماہ میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز چیئرمینز نے شہر میں 100سے زاید پارکوں کا افتتاح کیا ہے۔ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ، عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ محمد یوسف نے افتتاح کے موقع پر شرکا و میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورا ٹائون اور ہماری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جس کے تعاون سے نیو کراچی میں پارکوں کا افتتاح کیا جارہا ہے۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری ہے اور یہ تحریک ظالموں، جاگیرداروں اور وڈیرہ شاہی ذہنیت کے خلاف ہے ، یہ ذہنیت کراچی کے وسائل پر قابض ہو کر مسلسل شہر کو برباد کر رہی ہے ، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وسیع ہو کر ملک گیر سطح پر ’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک بن گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملیر کے دورے کے موقع پر قائدآباد اور گلشن حدید میں ممبر سازی کیمپوں پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام، سیکرٹری ضلع کامران نواز بھی موجود تھے۔منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسلسل 16 سال سے سندھ پر حکومت کر رہی ہے لیکن کراچی آگے بڑھنے کے بجائے آثارِ قدیمہ کا منظر پیش کر رہا ہے ،معمولی سی بارشوں میں پورا شہر ڈوب جاتا ہے ،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، بجلی اور پانی ناپید ہے، کے الیکٹرک کی لوٹ مار عروج پر ہے ،مہنگائی ،بے روزگاری نے شہریوں کا جینا مشکل کردیا ہے، عوام کو اب جاگنا ہوگا،آخر کب تک ان چوروں، لٹیروں اور وڈیروں و جاگیرداروں کے ہاتھوں یرغمال بنے رہیں گے ۔ جماعت اسلامی کراچی نے ساڑھے 3 کروڑ عوام ،شہر کو حقوق دلانے کا عزم کیا ہے اس وقت تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کراچی کے لوگوں کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے ۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ چور دروازے سے میئر بننے والے قابض میئر سے شہر سنبھالا نہیں جارہا۔ہر نیا دن شہر کو آگے لے جانے کے بجائے پیچھے دھکیل رہا ہے، شہر کو برباد کرنے کے جرم میں قابض میئر مرتضیٰ وہاب ان کی پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ جنہوں نے فارم 47 سے جنم لیا ہے برابر کے ذمے دار ہیں، کراچی کے نوجوان جماعت اسلامی کے ممبر اور طاقت بن کر حکمرانوں سے اپنا حق لیں گے۔جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو دیانت دار ہے خدمت گار ہے عوام کے درمیان موجود ہے اور عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔ محمد اسلام نے کہا کہ ضلع ملیر میں بڑے پیمانے پر ممبر سازی کرکے نوجوانوں کو ساتھ ملا کر ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کریں گے۔حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ایک بڑے انقلاب کے لیے آگے بڑھیں گے۔