یوٹیوب کے نئے فیچر سے صارفین کو مشکلات کا سامنا

124

کیلیفورنیا: ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر حالیہ تبدیلی نے صارفین کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

گوگل کی ملکیت والے یوٹیوب نے ویڈیو پاز کیے جانے پر اشتہارات دکھانا شروع کر دیے ہیں، جو پہلے صرف ٹی وی پر دکھائے جاتے تھے۔

یوٹیوب کی نئی پالیسی کے تحت جب صارف ویڈیو کو روکے گا یعنی پاز کرے گا تو ویڈیو کے منی مائز ہونے کے بعد اسکرین کے دائیں جانب ‘ایڈ کارنر’ میں اشتہارات ظاہر ہوں گے۔

ان اشتہارات میں پروموشنل گرافکس، معلومات، اور ایک ڈس مس بٹن شامل ہوگا، جس سے صارفین کو ویڈیو دیکھنے کے دوران اشتہارات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ تبدیلی یوٹیوب کے ایڈ بلاکرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد آئی ہے، جو صارفین کے لیے پہلے ہی ایک بڑا مسئلہ بن چکی تھی۔ یوٹیوب کے اشتہارات کے اس نئے فارمیٹ نے صارفین کو ناپسندیدہ صورتحال میں ڈال دیا ہے اور ان کی شکایات بڑھ گئی ہیں۔

ایک صارف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ وہ ایڈ بلاکر حاصل کرنے کے لیے ایک کمپیوٹر خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ اشتہارات بہت زیادہ مضحکہ خیز ہو چکے ہیں۔

دوسرے صارفین نے بھی اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ صورتحال میں بہتری کی بجائے مزید بگاڑ ہو سکتا ہے۔

وہ صارفین جو ویڈیو کے دوران اشتہارات سے تنگ نہیں ہونا چاہتے وہ یوٹیوب پریمیم سروس خرید سکتے ہیں، جس کی قیمت 14 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔

یہ سروس اشتہارات سے مکمل آزادی فراہم کرتی ہے لیکن بہت سے صارفین اس قیمت کو ادا کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔