پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پر عمل شروع: کمیٹی میں جسٹس منیب کی جگہ جسٹس امین شامل

78
Possibility of legislation

اسلام آباد:سپریم کورٹ کی جانب سے پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی  آرڈیننس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے، جس کے تحت کمیٹی میں جسٹس منیب اختر کی جگہ جسٹس امین الدین خان کو شامل کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق جسٹس منیب اختر کے بجائے جسٹس امین الدین خان 3رکنی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

آرڈیننس کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس امین الدین خان کو پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا رکن نامزد کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز متوقع ہے جب کہ گزشتہ روز کے اجلاس میں آرٹیکل 63- اے نظرثانی اپیلیں ایجنڈے میں شامل تھیں تاہم یہ اجلاس مؤخر کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ ترمیمی پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس منظور کر لیا تھا جس کے بعد صدرمملکت نے اس پر دستخط کردیے تھے اور اب سپریم کورٹ نے اس پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی سیکشن 2 میں ایک ذیلی شق شامل کی گئی ہے، جس کے تحت پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت کمیٹی میں چیف جسٹس پاکستان کے علاوہ ایک سینئر ترین جج اور ایک چیف جسٹس پاکستان کا نامزد کردہ جج شامل ہوگا۔