لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی لاہور میں گرفتاریاں کی گئی ہیں، جس کے خلاف مشتعل افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق مشتعل افراد کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران سڑک بند کرکے ٹائر جلائے گئے۔ اس دوران پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔
پولیس نے درجنوں پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، جس کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد نے مارکیٹیں اور علاقہ بند کروا دیا۔ پولیس کے مطابق مظاہرہ کرنے والوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا، جس سے موبائلوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔