اعلیٰ شخصیات کے قتل کی ایرانی سازش پکڑنے کا اسرائیلی دعویٰ

118

صہیونی ریاست اسرائیل کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِاعظم نیتن یاہو، وزیرِدفاع یووی گیلنٹ اور خفیہ ادارے شِن بیت کے سربراہ میں سے کسی ایک کو قتل کرنے کی ایرانی سازش بے نقاب ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں ایک اسرائیلی یہودی بزنس مین کو گرفتار  کرلیا گیا ہے۔

اسرائیل کے اندرونی خفیہ ادارے شِن بیت اور اسرائیلی پولیس نے مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ 73 سالہ موٹی مامن نے ترکیہ اور ایران میں خاصا وقت گزارا ہے۔  اِس دوران کئی کاروباری شخصیات سے اُس کے رابطے ہوئے۔ اِن لوگوں نے مامن کے مزاج میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے اُسے ایجنٹ بناکر صفِ اول کی اسرائیلی شخصیات کے قتل کی سازش کی اور اِس حوالے سے اُسے ایران اسمگل کرکے انٹیلی جنس حکام سے ملاقاتیں بھی کروائی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مامن کو ایک ماہ قبل گرفتار کرکے جامع تحقیقات کی گئی ہے تاکہ اس سازش سے جُڑے ہوئے دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جاسکے۔ مامن کو ابتدائی تفتیش کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔