ملک میں مہنگائی کا رجحان جاری، 17 اشیا مزید مہنگی ہو گئیں

103
Commodity Price Increases in a Week

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ اس دوران 17 اشیا مزید مہنگی ہو گئی ہیں۔

حکومت کی جانب سے معاشی اشاریوں میں بہتری اور معیشت کے بہتری کی جانب گامزن ہونے  کے دعووں کے باوجود حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں کمی کے باوجود 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

وفاقی اداریہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.52 فی صد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ اسی طرح سالانہ بنیاد پر بھی مہنگائی کی شرح کم ہوکر 12.72 فی صد کی شرح پر آ گئی ہے، تاہ رواں ہفتے میں 17 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں۔

اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 19 کے نرخوں میں استحکام رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران پیاز، ٹماٹر، چینی، آلو، کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ دال مونگ، مسور، ماش، ایل پی جی، سگریٹس بھی مہنگے ہوئے۔

اسی طرح سالانہ بنیاد پر پیاز 74 فیصد، دال چنا 57 فیصد، خشک دودھ 256 فیصد، بیف 25 فیصد، ٹماٹر 18 فیصد اور دال مونگ 16 فیصد تک مہنگی ہوئیں جب کہ گیس چارجزبھی 570 فیصد تک بڑھ گئے۔  اسی طرح گزشتہ سال کی نسبت گندم کا آٹا 38 فیصد تک سستا ہوا، سرخ مرچ اورچاول 10 فیصد، پٹرول 25 فیصد، ڈیزل 24 فیصد سستا ہواہے۔