وزیراعظم نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دیدی

91
Chairman FBR appointed

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دے دی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں ایف بی آر کے ٹیکس ریونیو اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے  علاوہ ٹیکس لیکیج روکنے کے لیےٹیکنالوجی اور ذرائع پر مبنی فیڈرل بورڈ آف ریونیو ٹرانسفارمیشن پلان پیش کیا گیا، جس کی وزیراعظم نے اصولی طور پر منظوری دے دی۔

ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان میں ٹیکس لیکیج روکنے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال اور ٹیکس وصولیوں میں بہتری پر مبنی نظام کے ساتھ ساتھ افسران اور دیگر عملے کی حوصلہ افزائی  کے لیے حکمت عملی شامل ہے۔

یہ پروگرام ایف بی آر کے افسران اور ماہرین نے چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ مل کر گزشتہ 40 دن میں مرتب کیا ہے۔ایف بی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کے انفورسمنٹ نظام کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، فعال اور خوشحال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

یف بی آر ٹرانفارمیشن پلان کے تحت ایف بی آر کی آڈٹنگ کی استعداد بڑھائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں ملک کو 32 فیصد ٹیکس ریونیو دینے والے لارج ٹیکس پیئرز یونٹ ،کراچی میں اچھی کارکردگی اور دیانت دار افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا اور ان کو اپنا کام کرنے کے لیے آڈیٹرز اور ماہرین کی خدمات حاصل ہوں گی۔ عمدہ کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملے کو اعزازیے بھی دیے جائیں گے اور بڑی قلیل مدت میں اس ماڈل کو تمام ملک میں نافذ کیا جائے گا۔